اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ اس قسم کی خبروں کے بعد کہ چینی انتہا پسندوں کا ایک گروہ، داعش دہشتگرد گروہ میں شامل ہوگیا ہے، عالمی سطح پر اس ابھرتی ہوئی نئی اقتصادی طاقت کے حامل ملک میں، امن و استحکام کے حوالے سے تشویش پیدا ہوگئی ہے- عراق اور شام میں داعش دہشتگرد گروہ میں سینکڑوں چینی انتہا پسندوں کی شمولیت کی خبروں کے انعکاس کے بعد، چین کیلئے، جو دہشتگردی کے سلسلے میں مغرب کی دوہرے معیار کی پالیسیوں سے ہمیشہ تشویش سے دوچار رہا ہے،گہری تشویش پیدا ہوگئی ہے- چینی حکام نے اس بات کا خدشہ ظاہر کیا ہے کہ دہشتگرد گروہ داعش میں شمولیت اور اس گروہ کے ہاتھوں تربیت حاصل کرنے کے بعد، چینی شہریوں کی وطن واپسی، چین میں بدامنی کا باعث بن سکتی ہے- چين کیلئے دہشتگردی کا یہ خطرہ، ایک ایسے وقت میں پیدا ہوا ہے کہ بیجنگ نے عالمی سطح پر اقتصادی تعلقات کو فروغ دینے کے علاوہ اپنی معاشی پالیسیوں پر عمل کرکے چین کو امریکہ کے بعد دوسری بڑی اقتصادی طاقت میں تبدیل کرنے میں کامیابی حاصل کی ہے- واضح رہے کہ چین میں حالیہ دو برسوں کے دوران انتہا پسندوں کے حملوں میں چار سو سے زائد افراد ہلاک و زخمی ہوئے ہیں-
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲